مسائل حل نہ ہوئے تو پارلیمنٹ ہاؤس پراحتجاج کرینگے ،کسان اتحاد

مسائل حل نہ ہوئے تو پارلیمنٹ ہاؤس پراحتجاج کرینگے ،کسان اتحاد

3سال سے کسان سے گندم پیداواری لاگت سے کم قیمت پر خریدی جارہی،خالد باٹھ حکومت ٹکراؤ کے بجائے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرے ،زبیر تالپور ، پریس کانفرنس

کراچی (کامرس رپورٹر) کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ اور سندھ آبادگار کے صدر زبیر تالپور نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو 25ستمبر کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ خالد باٹھ نے کہا بلوچستان اور سندھ میں اکتوبر جبکہ پنجاب میں نومبر سے گندم کی کاشت شروع ہوتی ہے ، تاہم صوبائی حکومت نے تاحال گندم خریداری کی واضح پالیسی نہیں بنائی، حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث کسانوں نے گندم کی کاشت کم کردی ہے ، جس کے نتیجے میں پاکستان کو گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے۔

گندم کی فی من پیداواری لاگت تقریباً 4 ہزار 500 روپے ہے ، حکومت کسانوں کو لاگت کے علاوہ 20 فیصد منافع دے کر گندم کی قیمت مقرر کرے۔ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں پاکستان کو 35 تا40 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنا پڑسکتی ہے۔انہوں نے زرعی شعبے کیلئے ڈیزل پر فیول ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے گنے کی سپورٹ پرائس کا اعلان بھی کرنے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں تمام شوگر ملز کے سامنے احتجاج کیا جائیگا۔ کسان رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ کسانوں سے ٹکراؤ کے بجائے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کیے جائیں، بصورت دیگر کسان اپنے حقوق کے لیے آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...