فری لانسرز کی برآمدی آمدن 350 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی
جاری مالی سال کے پہلے 2ماہ جولائی، اگست میں اضافہ ہوا،گزشتہ سال 244 ملین ڈالر تھی فری لانسرز عالمی فری لانسنگ پلیٹ فارمز پر اپنی موجودگی مسلسل مضبوط کر رہے ،ابراہیم امین
کراچی (کامرس ڈیسک) پاکستان کے فری لانسرز ملکی معیشت میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اگست کے دوران فری لانسرز کی برآمدی آمدن 350 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اگست 2026 کے دوران فری لانسرز کی برآمدی وصولیاں 352 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو 2025 کے اسی عرصے میں 244 ملین ڈالر تھیں۔ اس طرح سالانہ بنیادوں پر 44 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (پیفلا)کے چیئرمین ابراہیم امین نے کہا کہ پاکستانی فری لانسرز بین الاقوامی فری لانسنگ پلیٹ فارمز پر اپنی موجودگی کو مسلسل مضبوط کر رہے ہیں، جس کا عکس ملک میں آنے والی برآمدی آمدن ہے۔
ابراہیم امین نے کہا کہ ہمارے فری لانسرز نئی ٹیکنالوجی اور طریقہ کار کو تیزی سے سیکھ رہے ہیں، غیر ملکی آن لائن مارکیٹ میں مطلوبہ مہارتیں، بالخصوص مصنوعی ذہانت اور ایپلی کیشنز پر مہارت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی فری لانسرز انفرادی کے بجائے ٹیم بنا کر کام کررہے ہیں اور خود کو فری لانس پلیٹ فارمز پر رجسٹرڈ ایجنسیوں کے طور پر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں آئی ٹی اور مہارت کی ترقیاتی کورسز منعقد کرنے پر حکومت، نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کی کوششوں کو سراہا، جس سے نوجوانوں کو تعلیمی قابلیت کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments