پٹرولیم قیمتوں کا روزانہ تعین، بڑھتی مہنگائی پراسماعیل لالپوریہ کوتشویش
ٹرانسپورٹ کرائے بڑھ گئے ، خوردنی اشیا مہنگی، وفاق پٹرولیم قیمتوں کولگام دے ، بیان
کراچی (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران اور آل سٹی تاجر اتحاد کے ترجمان محمد اسماعیل لالپوریہ نے پٹرولیم مصنوعات میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے اور اس کے باعث مہنگائی میں دن بدن اضافے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے اپنے جاری بیان میں اسماعیل لالپوریہ نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کے باعث ایک جانب ٹرانسپورٹرز نے اپنے کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ کردیا ہے اور اس کو سبب بنا کر روزانہ استعمال کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اسماعیل لالپوریہ نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا جواز بنا کر ہماری حکومت روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے لیکن وہ اپنی فی لیٹر لی جانے والی لیوی کو کم کرنے کو تیار نہیں ہے انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا خاتمہ کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کیا جائے اور اس کو جواز بنا کر کرایوں اور اشیاء خوردونوش قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف اقدامات کئے جائیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments