جاپانی اعزازی قونصل جنرل کا کوئٹہ چیمبر آف کامرس کا دورہ
دونوں ممالک میں تجارتی واقتصادی تعلقات، تعاون بڑھانے کی ضرورت، ندیم عالم
کوئٹہ(آئی این پی)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیمبر کے نو منتخب صدر حاجی احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر حاجی مرزا خان خلجی اور نائب صدر جنگیان دشتی سے ملاقات کی اور انہیں بلا مقابلہ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ نئی قیادت تاجر اور صنعتکار برادری کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور چیمبر کے کردار کو مزید موثر بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی کاروباری برادری خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس حوالے سے تجارت و صنعت کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوئٹہ چیمبر کی نئی قیادت تاجر برادری کی فلاح و بہبود، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری مواقع میں اضافے کیلئے موثر اقدامات کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کاروباری برادری کے درمیان روابط اور تعاون میں اضافہ اہمیت کا حامل ہے ۔سید ندیم عالم شاہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، جبکہ بلوچستان کے کاروباری حلقوں کو جاپانی کاروباری و سرمایہ کاری مواقع سے روشناس کرانے کیلئے بھی رابطوں کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments