غیرمستحکم معاشی پالیسیاں صنعتی ترقی میں رکاوٹ قرار

غیرمستحکم معاشی پالیسیاں صنعتی ترقی میں رکاوٹ قرار

صنعتی پہیہ چلانے کیلئے پانی، بجلی اور گیس سستی کرنا ہوگی،صدر سائٹ عبدالہادی

کراچی(بزنس رپورٹر)سیاسی عدم استحکام، مہنگی توانائی اور غیر مستحکم معاشی پالیسیاں صنعتی ترقی میں بڑی رکاوٹ بن گئی ہیں۔ صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری عبدالہادی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی پہیہ رواں رکھنے کیلئے بجلی، گیس اور پانی کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے برابر لائی جائیں اور صنعتوں کو بلاتعطل سستی توانائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی شرح میں کمی کے ساتھ شفاف اور مستقل ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے جبکہ شرح سود کو بھی خطے کے مسابقتی ممالک کے برابر لانا ہوگا۔عبدالہادی نے کہا کہ سیاسی بے یقینی کے باعث عالمی خریداروں کا اعتماد متاثر ہورہا ہے اور پاکستانی برآمدکنندگان کیلئے نئے آرڈرز کا حصول مشکل ہوگیا ہے ۔ حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود صنعتی اور معاشی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں، اس مقصد کیلئے طویل المدتی صنعتی و معاشی پالیسی تشکیل دی جائے اور بار بار پالیسیوں میں تبدیلی سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیے بغیر نئی سرمایہ کاری اور صنعتی توسیع ممکن نہیں، جبکہ مہنگی توانائی اور معاشی بے یقینی برقرار رہی تو صنعتوں کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...