پی ٹی سی ایل نے محمد عامر صدیقی کو چیف فنانشل آفیسر مقرر کر دیا
کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد عامر صدیقی کو چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او)مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے ،
وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔عامر صدیقی فیلو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ شعبے میں 30 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے ۔ انہیں مالیاتی انتظام، اسٹریٹجک منصوبہ بندی، ٹریژری، کارپوریٹ گورننس اور بزنس ٹرانفارمیشن کے شعبوں میں وسیع مہارت حاصل ہے ۔ ان کا پیشہ ورانہ سفر ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں دو دہائیوں سے زائد کے تجربہ پر مشتمل ہے ، جس کے دوران انہوں نے پاکستان اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں کام کرنے کے علاوہ ارنسٹ اینڈ ینگ اور ڈیلوئٹ جیسے پیشہ ورانہ اداروں میں بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔عامر صدیقی نے 2013 سے 2022 تک پی ٹی سی ایل گروپ میں گروپ ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، فنانشل پلاننگ اینڈ ٹریژری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے مالیاتی منصوبہ بندی، بجٹ سازی، فنڈنگ، ٹریژری اور گروپ کی سطح پر کارکردگی کا انتظام سنبھالا۔ بعد ازاں انہوں نے پی ٹی سی ایل گروپ میں ہیڈ آف اسٹریٹجی اینڈ ٹرانسفارمیشن کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور کارپوریٹ حکمتِ عملی، ترقیاتی منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی تبدیلی کیلئے اقدامات میں اہم کردار ادا کیا۔چیف فنانشل آفیسر کی حیثیت سے عامر صدیقی پی ٹی سی ایل کی مالیاتی حکمتِ عملی اور مالیاتی وسائل کے مؤثر انتظام کی قیادت کریں گے ۔ ان کی توجہ مالیاتی کارکردگی کو بہتر بنانے ، سرمائے کی مؤثر تقسیم، گورننس اور آپریشنل کارکردگی کو مزید مستحکم کرنے اور کمپنی کی اسٹریٹجک ترجیحات کے حصول میں معاونت فراہم کرنے پر مرکوز ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments