سڑکوں کے کنارے آلاشیں,تعفن,بیماریاں

سڑکوں کے کنارے آلاشیں,تعفن,بیماریاں

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جامع پلان مرتب کرنے کے باوجود ناکام ، عید پر لاکھوں خرچ ہونے کے باوجود بھی شہری صاف ستھرے ماحول سے محروم رہے

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)عید قربان کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناکامی کا شکار بن گئی۔ شہر بھر کی مین شاہراہوں گلیوں محلوں اور رہائشی علاقوں میں پڑی جانوروں کی آلائشیں اور باقیات سے اٹھنے والا تعفن اور بدبو شہریوں کے لئے وبال جان بنا رہا۔ عید قربان کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کرنے کے باوجود بھی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر دکھائی دی۔ شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کے اندراج کے باوجود بھی کمپنی ورکرز اور حکام کی جانب سے رہائشی علاقوں ،مین شاہراہوں اور گلیوں محلوں سے آلائشوں اور باقیات کو اٹھانے کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے جبکہ تعفن اور بدبو پھیلنے سے بہت سی بیماریاں پھوٹنے کا بھی خدشہ ہے ۔ شہر بھر کے مختلف 50سے زائد مقامات پر کیمپ لگائے گئے تھے اور تین سو سے زائد ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور کی گئی تھیں۔کینال روڈ، سمندری روڈ، جھمرہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، ستیانہ روڈ ،نڑوالا روڈ اور ملت روڈ سمیت شہر بھر کی تمام مین شاہراہوں کے کناروں پر بنائی گئی گرین بیلٹس پر جگہ جگہ جانوروں کی آلائشیں پڑی دکھائی دیتی رہیں۔ ڈی ٹائپ کالونی، سمن آباد، علامہ اقبال کالونی، نثار کالونی، منصورہ آباد، مدینہ ٹاؤن ،ناظم آباد، ایوب کالونی ،خالد آباد، پرتاب نگر، جمیل آباد، حاجی آباد، شالیمار کالونی اور ملت ٹاؤن سمیت شہر بھر کی تمام رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ پڑی جانوروں کی آلائشیں اور باقیات شہریوں کیلئے وبال جان بنی رہیں۔ ماہرین صحت کی جانب سے بھی یہی اندیشہ ظاہر کیا گیا کہ اگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے فوری طور پر شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی نہ بنایا گیا تو مزید بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے ۔منصوبہ بندی پر لاکھوں روپے کے بجٹ کا خرچ کیا گیا لیکن لاکھوں روپے خرچ ہونے کے باوجود بھی شہری صاف ستھرے ماحول سے محروم رہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آلائشوں اور باقیات کو اٹھانے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے دی گئی ہیلپ لائنز کے تمام نمبرز بھی عید کے موقع پر اٹینڈ نہیں کئے جا رہے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں