محرم جلوسوں کے راستے سے تجاوزات ختم کرنیکی ہدایت

 محرم جلوسوں کے راستے سے تجاوزات ختم کرنیکی ہدایت

سڑکوں پر تعمیراتی کام کیا جائے ،سیوریج نظام درست ہونا چاہیے ،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے متعلقہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرکے تصدیقی سرٹیفکیٹ فراہم کریں اور محکمانہ امور پر عملدرآمد کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ کسی جگہ کوئی انتظامی یا حفاظتی خلا نہ رہے ۔ انہوں نے یہ ہدایت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیہ،اسسٹنٹ کمشنرسٹی سید ایوب بخاری کے علاوہ سید جعفر نقوی،افتخار نقوی اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات کی بروقت کلیئرنس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی اور لائٹگ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی تجاوزات،وال چاکنگ کا فوری خاتمہ اور مرمت طلب سڑکوں پر تعمیراتی کام کیا جائے ۔انہوں نے فیسکو،سوئی گیس،پی ٹی سی ایل اور واسا افسروں سے کہا وہ جلوسوں کے روٹس پر اپنی تنصیبات کا بخوبی معائنہ کریں کہ کسی جگہ بجلی کی تاریں لٹکتی ہوئی یا سوئی گیس لیک نہ ہو جبکہ گٹروں پر ڈھکنوں کی موجودگی کے علاوہ سیوریج نظام درست ہونا چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں