لاہور شور کوٹ‌ سیکشن پر ٹرین سروس بحال نہ ہوئی، شہری سراپا احتجاج

لاہور شور کوٹ‌ سیکشن پر ٹرین سروس بحال نہ ہوئی، شہری سراپا احتجاج

کورونا کے باعث ٹرین بند کی گئی ،سیکشن پر تعینات ملازمین ماہانہ کروڑوں روپے تنخواہیں فارغ بیٹھ کر وصول کرنے لگے

بچیانہ( نمائندہ دنیا )پاکستان ریلوے کی بے حسی یاملازمین کی ملی بھگت؟ لاہور شورکوٹ براستہ بچیانہ جڑانوالہ سیکشن پر ٹرین سروس بحال نہ ہوسکی۔شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔سیکشن پر تعینات سینکڑوں ملازمین ماہانہ کروڑوں روپے تنخواہیں فارغ بیٹھ کر وصول کر رہے ہیں ۔ کورونا کی پہلی لہر کے دوران عرصہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل پاکستان ریلوے نے ریلوے سروس معطل کردی تھی جس کے بعد تمام سیکشنز پر ٹرین سروس بحال کردی گئی لیکن لاہور شورکوٹ براستہ بچیانہ،ننکانہ اور جڑانوالہ سیکشن پر ٹرین سروس ابھی تک بحال نہ کی گئی ہے ۔ جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے افراد شدید مشکلات سے دوچار ہونے کے ساتھ ساتھ ریلوے سے منسلک کاروباری افراد اور دیہاڑی دار مزدور طبقہ بھی فاقوں کا شکار ہوچکا ہے ۔ اس سیکشن پر آنے والے تمام سٹیشنز کی عمارات کھنڈرات میں تبدیل ہورہی ہیں جبکہ ریلوے ٹریک بھی بدحالی کا شکار ہوچکا ہے ۔ یاد رہے کہ اس سیکشن پر تاریخ شہر ننکانہ صاحب بھی موجود ہے جس کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں اب وہ بھی ایک وایرانے کا منظر پیش کررہا ہے ۔ اس سیکشن پر سینکڑوں ریلوے ملازمین تعینات ہیں جو ٹرین سروس بحال نہ ہونے کے باعث بالکل فارغ بیٹھے ماہانہ کروڑوں روپے کی تنخواہیں وصول کررہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں