پولیس کی غفلت، شکایات سیل میں 670 سے زائد ریفرنسز التوا کا شکار

پولیس کی غفلت، شکایات سیل میں 670 سے زائد ریفرنسز التوا کا شکار

سائلین عرصہ دراز سے خواری برداشت کرنے پر مجبور ،آئی جی کا ریفرنسز پر کارروائی کر کے رپورٹ بھجوانے کا حکم

فیصل آباد ( عبدالباسط سے )انسپکٹر جنرل آف پولیس شکایت سیل میں درج کروائی گئیں شکایات میں سے ریجن فیصل آباد کے پولیس افسروں کو بھجوائے جانیوالے 670سے زائد ریفرنسز گزشتہ کئی ہفتے سے التوا کا شکار ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے جس سے ناصرف شکایت دہندگان عرصہ دراز سے خواری برداشت کرنے پر مجبور ہیں بلکہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسروں کی عدم توجہی کی بھی عکاسی ہورہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شکایت سیل 1787 میں فیصل آباد ریجن کے مختلف تھانوں میں زیر التوا مقدمات اور پولیس کی جانب سے انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے آئی جی پولیس شکایت سیل میں شہریوں کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات میں شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے آئی جی آفس کی جانب سے ریجن فیصل آباد کے متعلقہ تھانوں، سرکل افسروں اور ٹائون افسروں سمیت دیگر اعلی افسروں کو سائلین کی داد رسی کے حوالے سے کیسز سونپے گئے لیکن آئی جی شکایت سیل کی جانب سے آنیوالے 670ریفرنسز میں شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے بجائے روایتی غفلت کی وجہ سے ریفرنسز التوا کا شکار ہیں جس کی وجہ سے سائلین عرصہ دراز سے خواری برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ ضلع فیصل آباد میں 430سے زائد، ضلع چنیوٹ میں 55 سے زائد ریفرنسز التوا کا شکار ہیں جبکہ ضلع جھنگ پولیس میں 45 سے زائد اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 145 سے زائد ریفرنسزالتوا کا شکار ہیں اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے ریفرنسز پر کارروائی کر کے فوری رپورٹ بھجوانے کا حکم دے دیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں