ٹیچنگ سٹاف کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

ٹیچنگ سٹاف کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ٹیچنگ سٹاف کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ۔ جی سی ویمن یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے تین شعبوں کے سلیکشن بورڈ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری لگا دی۔ فائن آرٹس، عربی اورفوڈسائنسزمیں تقرریوں کے معاملے کو موخر کردیا ۔

 وائس چانسلر کے بیٹے کو بھی غیر متعلقہ ڈگری کے باوجود سلیکشن بورڈ سے منظور کروانے پر اعتراض اٹھایاگیا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ فاروق کے بیٹے فیصل فاروق کو غیر متعلقہ ڈگری کے باوجود سلیکشن بورڈ نے منتخب کیا تھا ۔

فیصل فاروق کو آرکیٹیکچرل انجینئرنگ کی ڈگری کے باوجود فائن آرٹس میں اسسٹنٹ پروفیسر منتخب کیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ پروفیسر فائن آرٹس کے دیگر امیدواروں نے وزیر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تحریری اعتراض بھجوایا تھا ۔

شعبہ عربی میں بھی من پسند امیدوار کو نوازنے کا اعتراض لگا کر سلیکشن بورڈ کو مسترد کیا گیا ۔ سنڈیکیٹ نے جی سی ویمن یونیورسٹی میں بھرتیوں کیلئے سلیکشن بورڈ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں