ٹھیک سڑکوں کی دوبارہ تعمیر کیلئے توڑ پھوڑ شروع کردی گئی

ٹھیک سڑکوں کی دوبارہ تعمیر کیلئے توڑ پھوڑ شروع کردی گئی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ترقیاتی فنڈز ملنا بھی شہریوں کے لیے مسائل سے کم نہیں ۔ میونسپل کارپوریشن کو ترقیاتی کام سرانجام دینے کے لیے فنڈز ملے تو پہلے سے ٹھیک سڑکوں کو بھی توڑنا شروع کردیا ۔

مین جھمرہ روڈ عبداللہ پور کے قریب میونسپل کارپوریشن نے دوبارہ تعمیر کے لیے پہلے سے قابل استعمال سڑک کی توڑ پھوڑ شروع کرکے دوبارہ تعمیر کرنے کا عمل شروع کردیا اس حوالے سے علاقہ مکین کہتے ہیں کہ پہلے تو ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈزہی نہیں جاری کیے جاتے لیکن اگر اب 4 سال گزرنے کے بعد ترقیاتی فنڈز جاری کر ہی دئیے گئے تو انکو ضائع کرنے کا کام بھی اچھے سے کیا جا رہا ہے ۔

روڈ کی حالت بالکل ٹھیک تھی لیکن اسے توڑدیا گیا جس سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سڑک کی ایک طرف توڑنے کے باعث دونوں اطراف کی ٹریفک کی روانی ایک سڑک سے ہورہی ہے جس کے باعث سارا دن ٹریفک جام کا مسئلہ رہتا ہے ۔

علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا اگر ترقیاتی فنڈز مل گئے ہیں تو انتظامیہ کو چاہیے کہ جہاں پر ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے وہاں یہ فنڈز لگائے جائیں اور پریشان حال شہریوں کو سہولیات فراہم کریں نہ کہ فنڈز کو ضائع کرنے کے لیے شہریوں کو پریشان کیا جائے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں