بیت المال کی دیوار احساس خالی ہوگئی

بیت المال کی دیوار احساس خالی ہوگئی

فیصل آباد(جنرل رپورٹر)سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر انتظام مخیر حضرات کے تعاون سے چلنے والی دیوار احساس خالی ہوگئی۔

محکمے نے بھی آنکھیں موند لیں، تفصیلات کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر انتظام مخیر حضرات کے تعاون سے دیوار احساس کے نام سے ڈی گراونڈ کے علاقے میں ایک دیوار بنائی گئی جس پر مخیر حضرات کے تعاون سے مستحق افراد کیلئے گرم ملبوسات سمیت ضروریات زندگی کی دیگر اشیا رکھی جاتی تھیں مگر گزشتہ کئی ہفتوں سے دیوار احساس خالی ہوچکی ہے۔

سرکاری سطح پر بھی سفید پوش افراد کی خدمت کے لیے بنائی جانے والی دیوار احساس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ، شہریوں کا کہنا ہے دیوار احساس سے سفید پوش افراد اپنا بھرم قائم رکھتے ہوئے ضرورت کی چیز لے جاتے تھے اور کسی کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی تھی مگر اب دیوار احساس خالی ہوچکی ہے ، محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے دیوار احساس پر متعین کردہ ملازم بھی کہیں نظر نہیں آتا ،اس جانب فوری توجہ مرکوزکی جانی چاہئے تاکہ سفیدپوشوں کابھرم قائم کرے ۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ناصر چدھڑ کا کہنا ہے کہ دیوار احساس کیلئے محکمے کے پاس کوئی فنڈز نہیں آتے تاہم اس پراجیکٹ کیلئے مخیر حضرات سے رابطے میں ہیں، جلد دیوار احساس پر ضروریات زندگی کی اشیا نظرآئیں گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں