ڈپٹی کمشنر کا شاہانہ پروٹوکول ، شہریوں میں خوف و ہراس

ڈپٹی کمشنر کا شاہانہ پروٹوکول ، شہریوں میں خوف و ہراس

فیصل آباد(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کے شہر میں فیلڈ ورک کے نام پر مختلف جگہوں کے دورے سڑکوں پر سفر کرنے والے عام شہریوں کے لیے درد سر بن گئے ۔۔۔

ڈی سی کے پروٹوکول میں شامل پولیس وین کا تیزسائرن گاڑی سے باہر نکلی بندوقیں عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے لگیں ڈی سی سکیورٹی سکواڈ کے اہلکاروں کا راستے میں آنے والے موٹر سائیکل سواروں یا مسافروں کو زدکوب کرنے سمیت گالم گلوچ کرنا بھی معمول بن چکا ۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر شہر کے دوروں پر نکلتے ہیں تو ڈی سی کا شاہانہ پروٹوکول، سکواڈ کی گاڑیاں،روٹ اور سکیورٹی کے لیے پولیس کی گاڑی ساتھ ہوتی ہے پولیس موبائل کا سائرن مسلسل چل رہا ہوتا ہے اور پولیس ملازمین نے چلتی گاڑی سے بندوقوں کی نالیں باہر نکالی ہوتی ہیں اگر کوئی راہگیر یا موٹرسائیکل سوار راستے میں آئے تو پولیس ملازمین کی جانب سے اس کے ساتھ گالم گلوچ کی جاتی ہے دن کے اوقات کار میں بھی گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس چلا کر تیز رفتاری کی جاتی ہے ڈپٹی کمشنر کے پروٹوکول کے لیے روٹ کو بھی پہلے ہی کلیئر کروانا شروع کردیا جاتا ہے جس کے لیے ٹریفک وارڈنز کی دوڑیں لگوائی جاتی ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں