دھاگہ فی بیگ 5ہزارتک سستا ،مارکیٹ میں بحران پیدا

 دھاگہ فی بیگ 5ہزارتک سستا ،مارکیٹ میں بحران پیدا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈالر کی قیمت میں کمی کا اثر، دھاگے کی فی بیگ قیمت میں 5 ہزار روپے تک کمی کے بعد مارکیٹ میں بحران پیدا ہو گیا۔ سوتر منڈی کے تاجروں نے پہلے سے خریدا ہوا مہنگا دھاگہ سستے داموں بیچنے سے انکار کردیا۔

 ڈالر ریٹ میں بڑی کمی کے باعث بیرون ملک سے امپورٹ ہونے والے دھاگے کی مختلف اقسام کے بیگ بھی سستے ہوگئے ۔ یارن مارکیٹ میں دھاگے کی فی بیگ قیمت میں پانچ ہزار روپے تک کمی واقع ہوئی ہے تاہم اس کا الٹا اثر بھی دیکھنے میں آرہا ہے ۔ دھاگہ سستا ہونے کے باعث یارن مارکیٹ میں بحرانی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ تاجروں کی جانب سے بھی دھاگے کی فروخت سے ہاتھ کھینچ لیے گئے ہیں۔ جس سے صنعتوں اور پاور لومز مالکان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ کبھی مہنگے دام تو کبھی دھاگے کی قلت کے باعث انڈسٹری کو آئے روز جھٹکے لگ رہے ہیں جس سے کاروباری مندی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ دوسری جانب پاور لومز پر کام متاثرہ ہونے سے یومیہ اجرت کمانے والا مزدور پیشہ طبقہ بھی پریشانی میں مبتلا ہے جن کا کہنا ہے کہ دھاگے کی کمی کے باعث کام آدھا رہ گیا ہے جس سے گزارا کرنا ممکن نہیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلے کو سلجھانے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے جائیں۔ دوسری جانب چیئرمین پائما قیصر شمس گچھا کا کہنا ہے کہ چند روز میں صورت حال واضح اور بہتر ہوجائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں