ڈپٹی والا انٹرچینج سے آتشگیر مواد و ڈیزل کی خطرناک انداز میں منتقلی جاری ، انتظامیہ ، سول ڈیفنس حکام خاموش

ڈپٹی  والا  انٹرچینج  سے  آتشگیر مواد  و  ڈیزل  کی  خطرناک  انداز  میں  منتقلی  جاری  ،  انتظامیہ  ،  سول  ڈیفنس  حکام  خاموش

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس حکام کی ناقص کارکردگی کے باعث ڈپٹی والا انٹرچینج سے ملحقہ علاقوں سے آتشگیر مواد و ڈیزل کی اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کرکے خطرناک انداز میں منتقلی کا انکشاف سامنے آگیا۔

بااثر و غیر قانونی آئل ڈیلرز ڈپٹی والا انٹر چینج سے دیگر اضلاع میں بغیر حفاظتی اقدامات کے ڈیزل سپلائی کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام تمام تر صورتحال پر بے خبر دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیوں میں آتشگیر مواد کی منتقلی روکنے کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے ڈویژنل کمشنر سے مدد مانگ لی ہے ۔ زونل کمانڈر ڈی آئی جی موٹرویز سنٹرل زون ٹو کی جانب سے کمشنر فیصل آباد کو بھیجے گئے مراسلہ میں فیصل آباد سے دیگر اضلاع میں آتشگیر مواد اور ڈیزل کی غیر قانونی منتقلی کی نشاندہی کی گئی اور موٹروے حکام نے ڈویژنل انتظامیہ سے اوگرا قوانین کی خلاف ورزی روکنے اور قانون شکن عناصر کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع فوری روکا جاسکے دوسری جانب کمشنر فیصل آباد کے نوٹس پر ضلعی حکام نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر کو فوری کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں