غذائی کمی سے معیشت کو 7.5 ارب ڈالر کا نقصان:مقررین
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)غذائی کمی سے ملکی معیشت کو 7.5 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے اگر عوام کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جائیں تو اس سے ناصرف ہیلتھ بجٹ میں کمی ہو گی۔۔۔
بلکہ صحتمند معاشرے کی تشکیل ہوسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پانچویں آل پاکستان نیوٹریشنسٹ کنونشن سے خطاب کرتے کیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد منعقدہ کنونشن کا اہتمام نیوٹریشنسٹ اینڈ ڈائیٹیشن سوسائٹی اور فیکلٹی آف فوڈ اینڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز جامعہ زرعیہ کے اشتراک سے کیا گیا۔ کنونشن کی صدارت کرتے پرووائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سرور خاں نے کہا لوگوں میں حفظان صحت کے اصولوں اور غذائیت سے بھرپور خوراک بارے شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ اس سنگین مسئلے پر قابو پاتے ہوئے مضبوط جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں والی قوم کو تیار کیا جا سکے ۔ فوڈ سکیورٹی کے بعد اہم ترین مسئلہ نیوٹریشن سکیورٹی ہے ۔ نوجوان نسل اور بچوں میں بڑھتا ہوا جنک فوڈ کا استعمال غذائی بحران میں اضافے کا باعث بن رہا ہے ۔