ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کاجیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا سلسلہ نہ رک سکا

ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کاجیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا سلسلہ نہ رک سکا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی جانب سے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ خود ساختہ طریقے سے شہریوں کے موبائل نمبر پر مختلف پیکیجز اور سروسز لگاکرماہانہ کروڑوں روپے کمائے جانے لگے ۔

پاکستان میں کام کرنے والی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اکثر ان کے نمبر پر بغیر علم میں لائے مختلف سروسز کا نفاذ کر دیا جاتا ہے جسکی ہفتہ واری یا ماہانہ بنیادوں پر بھاری کٹوتی بھی کر لی جاتی ہے ۔ متعدد بار ہیلپ لائن پر کال کرنے کے باوجود بھی کمپنیوں کی جانب سے خود ساختہ طور پر نافذ کی گئی سروسز ختم نہیں کی جاتیں۔ بصورت دیگر وقتی طور پر ختم کرنے کے بعد دوبارہ نافذ کردی جاتی ہیں۔ موبائل صارفین کی بڑی تعداد کو سگنل میں مسائل، بغیر وجہ کے کال بند ہو جانے ، نمبر چلنے کے باوجود رابطوں میں رکاوٹ اور کم رفتار انٹرنیٹ سروسز کی شکایات کا سامنا معمول بن چکا ہے ۔ اس حوالے سے صارفین کی بڑی تعداد کی جانب سے پی ٹی اے کو شکایات کا اندراج بھی کروایا جاتا ہے تاہم اسکے باوجود پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے موبائل کمپنیوں کے خلاف کوئی موثر کارروائی نہیں کی جا رہی جس پرصورتحال میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں