گندم خریداری کی آن لائن پالیسی ، کاشتکار پریشان ، سرکاری سطح پر فروخت سے محروم رہنے کا خدشہ

گندم  خریداری  کی  آن  لائن  پالیسی  ،  کاشتکار  پریشان  ،  سرکاری  سطح  پر  فروخت  سے  محروم  رہنے  کا  خدشہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )رواں برس گندم خریداری مہم کے حوالے سے محکمہ خوراک حکام اور پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی پالیسی سے گندم کے کاشتکار پریشانی کا شکار ۔

گندم کی فروخت اور باردانہ حصول کیلئے کاشتکاروں کو آن لائن ایپلی کیشن پررجسٹریشن کے بعد درخواست اپلوڈ کرنا پڑے گی اور محکمہ خوراک بھی آن لائن سکروٹنی کے بعد باردانہ حصول کیلئے اہل قرار دئیے جانیوالے کاشتکاروں کا انتخاب کرکے میسجز جاری کریگا۔ کم تعلیم یافتہ ہونے اور آئی ٹی سے متعلق معلومات نہ رکھنے سے کاشتکاروں کے سرکاری سطح پر گندم کی فروخت سے محروم رہنے کے خدشات منڈلانے لگے جبکہ اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اوپن مارکیٹوں میں ڈیلرز اور ذخیرہ اندوز بھی متحرک۷ ہوگئے ۔ ضلع بھر میں محکمہ خوراک نے 11مقامات پر گندم خریداری مراکز قائم کرکے کاشتکاروں کو آن لائن درخواستیں دینے کی ہدایات کی جارہی ہیں ، کاشتکاروں کاکہناہے کہ انہیں اینڈرائیڈ موبائلز کا استعمال نہیں آتا جس پر مسائل درپیش ہیں جبکہ محکمہ خوراک کے آن لائن سسٹم کا لنک ڈائون رہنا بھی معمول بن چکا ہے ۔ کاشتکار 17اپریل تک باردانہ درخواستیں آن لائن جمع کرواسکیں گے،19 اپریل سے باردانہ تقسیم اور22 اپریل سے گندم وصولی شروع ہو گی۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے معلومات نہ ہونے پر خریداری مراکز جاتے ہیں تو عملہ سپورٹ نہیں کرتاجبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول انتصار احمد کاکہناہے کہ کاشتکاروں کی سہولت اور گندم خریداری ہدف حصول کیلئے بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں