ڈاکٹر معطلی معاملے پر وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ کا یو ٹرن

 ڈاکٹر معطلی معاملے پر وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ کا یو ٹرن

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نصرت فتح علی خاں ہسپتال میں ڈاکٹرکی معطلی کے معاملے پر وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ نے یوٹرن لے لیا۔

چار ہفتے قبل ایم ایس کی سفارش پر قابلیت پر پورا نہ اترنے اور فرائض سے غفلت برتنے والے ڈاکٹر کا تبادلہ کیا گیا۔ وائی ڈی اے نے وزیر صحت سے ملاقات میں آرڈر کینسل کروا لیے ۔نصرت فتح علی خاں ہسپتال میں انتظامی سطح پر معاملہ بد نظمی کا شکار ہونے لگے ہیں۔ محکمہ صحت کے کمزور فیصلوں کے باعث ایم ایس اور ڈاکٹرز کے درمیان عدم توازن کی فضا قائم ہوگئی۔ علاجگاہ میں کئی سال سے کنسلٹنٹ کے عہدے پر تعینات ڈاکٹرعظیم طاہر کی جانب سے مریضوں کی بیماریوں کی غلط تشخیص، انہیں ہسپتال میں داخل کرنے اور ریکارڈ میں غفلت برتنے پر ایم ایس کی جانب سے یکم اپریل کو سی ای او ہیلتھ کو درخواست بھجوائی گئی جس میں مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی جس پر سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے 5اپریل کو ڈاکٹرعظیم طاہر کا تبادلہ کرنے کے بعد پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تاہم فیصلے پر ینگ ڈاکٹرز سیخ پا ہوگئے اور ہڑتال بھی کی گئی۔ وائی ڈی اے کے وفد کی جانب سے گزشتہ روز معاملے پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی گئی جس کے بعد سیکرٹری ہیلتھ نے اپنے ہی فیصلے کو واپس لیتے ہوئے مذکورہ ڈاکٹر کو دوبارہ اسی ہسپتال میں بحال کردیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں