مہنگائی کم دکھانے کیلئے فرضی ریٹ لسٹیں

مہنگائی  کم  دکھانے  کیلئے  فرضی  ریٹ  لسٹیں

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کی بجائے مہنگائی کو کم دکھانے کے لیے فرضی ریٹ لسٹیں جاری کی جانے لگیں۔۔۔

 فرضی ریٹ لسٹوں کے اجرا کا سلسلہ ماہ رمضان کے بعد سے اب تک جاری ہے گزشتہ روز برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت ریٹ لسٹ پر 565 روپے فی کلو ہے دکانداروں کو گوشت 611 روپے فی کلو میں ملا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کی بجائے مہنگائی کو کم دکھانے کا انوکھا طریقہ اپنایا گیا ہے مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے ریٹ لسٹ جاری کروانے کے لیے اصل ریٹ کی بجائے فرضی ریٹس کی لسٹ جاری کی جارہی ہے آڑھتی اور ہول سیل ڈیلرز کے ریٹ کے مطابق لسٹ جاری کرنے یا لسٹ کے مطابق چیزوں کی فروخت یقینی بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے گزشتہ روز سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 565 روپے فی کلو تھی جبکہ گزشتہ روز زندہ برائلر کا فی من منڈی ریٹ 15280 روپے تھا دکانداروں کے مطابق فی من زندہ مرغی سے اوسطا 27 کلو گوشت نکلتا ہے میں سے 100 گرام فی کلو صفائی کی مد میں کم ہوتا ہے ایک من میں سے نکلنے والے 27 کلو گوشت میں سے 2 کلو 700 گرام وزن صفائی کی مد میں کم ہو جاتا ہے 15280 روپے منڈی ریٹ کے ساتھ دکانداروں کو فی کلو صافی گوشت611روپے میں ملتا ہے لیکن سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 565 روپے فی کلو تھی ذرائع کے مطابق دکاندار زیادہ قیمت پر ملنے والے گوشت کو کم قیمت پر فروخت کرنے کی سختی کرنے پر خفیہ طریقے اپناتے ہوئے ذ بحہ کرنے کے بعد مرغی کو پانی میں بھگو کر رکھ دیتے ہیں ایک مرغی 150سے 200 گرام تک پانی جذب کرلیتی ہے وزن میں اضافہ ہونے سے دکاندار کو 91 روپے سے 122 روپے تک صرف پانی کی قیمت مل جاتی ہے دکاندار 611 روپے فی کلو والے گوشت کو پانی لگائیں تو ان کو گوشت 489 روپے فی کلو میں ملتا ہے جسے ریٹ لسٹ کے مطابق 565 روپے فی کلو میں بھی فروخت کیا جائے تو دکاندار کو 76 روپے فی کلو بچت ہوتی ہے دکانداروں کی جانب سے ترازو میں کمی بیشی کی جاتی ہے جس سے دکانداروں کو مزید فائدہ ہوجاتا ہے عوام کو ریلیف فراہم کروانے کے لیے جاری کی جانے والی فرضی ریٹ لسٹ سے شہریوں کو فائدے کی بجائے 91 سے 122 روپے فی کلو کا نقصان ہوجاتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کو حقائق کے مطابق ریٹ لسٹ جاری کرنی چا ہیے ریٹ حقیقی طور پر کم کروانے کی بجائے فرضی ریٹ لسٹ کے اجرا سے اجتناب کرنا چا ہیے تاکہ عوام کو کاغذی اور فرضی ریلیف کی بجائے حقیقی ریلیف مل سکے ضلعی انتظامیہ کو وزن میں ہیر پھیر کرنے اور گوشت کو پانی لگانے والے دکانداروں کے خلاف بھی کار روائی کرنی چا ہیے معاملے سے متعلق موقف لینے کے لیے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عامر الیاس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ موقف دینے سے گریزاں رہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں