تھانوں میں کسی شہری کی تضحیک برداشت نہیں :ڈی پی او چنیوٹ

تھانوں میں کسی شہری کی تضحیک برداشت نہیں :ڈی پی او چنیوٹ

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداﷲاحمد نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مسائل سنے اورکمپلینٹ سیل افسران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر ڈی پی او عبداﷲاحمد نے کہا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق تھانہ کلچر میں تبدیلی،پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جار ہے ہیں ۔ڈی پی او چنیوٹ نے کہا کہ فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے ۔کسی بھی وجہ سے شہریوں کا تھانوں میں کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا تو بلاجھجھک میرے دفتر تشریف لائیں ،انکے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ، جرائم کے خاتمہ کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اردگرد جرائم کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں