صنعتی تنظیموں کا مہنگائی کیخلاف یوم عاشورہ کے بعد حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

صنعتی تنظیموں  کا  مہنگائی  کیخلاف  یوم  عاشورہ  کے  بعد  حکومت  کو  ٹف  ٹائم  دینے  کا  فیصلہ

فیصل آباد(بلال احمد سے )صنعتی تنظیموں نے بجلی، گیس، ایندھن اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے ، ٹیکسوں کی بھرمارکیخلاف یوم عاشورہ کے بعد حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔۔

احتجاج کیلئے مزدوروں کو بھی تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق صنعتی شہر فیصل آباد میں صنعتکاروں نے آئندہ ہفتے احتجاجی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے منصوبہ سازی شروع کردی ۔ بجٹ 2024 تا 25 کے نفاذ کے بعد مہنگائی کے طوفان، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں بڑے اضافے ، سوئی گیس بلوں میں فکسڈ ٹیکس اور ایف بی آر کی جانب سے صنعتوں کو ٹیکس کی نئی کیٹیگری میں شامل کرنے پر بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے جس کیلئے سائزنگ انڈسٹری، پاور لوم آنرز ایسوسی ایشن، پاکستان لیبر قومی موومنٹ، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان بیڈ شیڈ اینڈ اپ ہولسٹری ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن سمیت دیگر تنظیموں کے آپسی روابط میں تیزی آگئی۔ ذرائع کے مطابق احتجاج سے قبل حکومت کے سامنے حتمی مطالبات رکھتے ہوئے ڈیڈ لائن دی جائے گی ، عملدرآمد نہ ہونے پرپہلے اندرون شہر اور پھر شہر اقتدار کی جانب احتجاج کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ صنعتکاروں کے مطابق دو سال میں پنجاب میں 50 سے زائد بڑے ٹیکسٹائل یونٹس بند ہوچکے ، دیگر اپنا سرمایہ نکال کر بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک جا چکے جہاں انہیں ٹیکس میں چھوٹ، بجلی اور گیس کی مناسب قیمتوں سمیت وہاں کی حکومتی حمایت حاصل ہے ۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شکیل احمد کا کہنا ہے کہ صنعتی تنظیموں کو احتجاج کیلئے اعتماد میں لیا جا رہا ہے ،حکومت نے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے اضافہ کرکے انڈسٹری کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا،حکومت نے اقدامات نہ کیے تو بڑا احتجاج ہوگا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں