مراکزصحت کا میڈیکل ویسٹ بیماریاں پھیلانے لگا

مراکزصحت کا میڈیکل ویسٹ بیماریاں پھیلانے لگا

فیصل آباد(بلال احمد سے )پنجاب بھر میں قائم بنیادی مراکز صحت میڈیکل ویسٹ کی تلفی کے نظام سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ استعمال شدہ سرنجیں، ویکسین کی وائلز اور ڈرپس سمیت دیگر آلودہ سامان کھلے آسمان تلے پھینکنا اور بعد ازاں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلا دینا معمول بن گیا۔

جس کے باعث قریبی آبادیوں کے مکین موذی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں ۔پنجاب ہیلتھ فیسلٹیز مینجمنٹ کمپنی (پی ایچ ایف ایم سی) اور ماں بچہ صحت پروگرام (آئی آر ایم این سی ایچ) کے تحت چلائے جانے والے بنیادی مراکز صحت پر میڈیکل ویسٹ کی تلفی یا اٹھوانے کا کوئی سلسلہ سرے سے ہی موجود نہ ہونے جیسی سنگین غفلت سامنے آگئی ہے ۔ جس نے قرب و جوار میں رہنے والے علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ۔ ذرائع کے مطابق افسران کی جانب سے بی ایچ یوز میں بننے والی میڈیکل ویسٹ میں شامل سرنجیں، ویکسین کی وائلز، ڈرپس، پٹیاں اور دیگر خون آلود سامان کو تلف کرنے کے بجائے عقب میں گڑھا کھود کر اس میں پھینکوا دیا جاتا ہے اور بعد ازاں قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آگ لگا دی جاتی ہے یا پھر زمین میں دبا دیا جاتا ہے ۔ جبکہ سرویلنس نہ ہونے کے باعث بعض اوقات صحت مراکز کے انچارج اور ڈسپنسرز سمیت دیگر عملے کی جانب سے میڈیکل ویسٹ مبینہ طور پر فروخت کرکے پیسے بھی کما لیے جاتے ہیں۔

مذکورہ مقامات سے نشے کے عادی افراد استعمال شدہ انجکشن اور دیگر سامان اٹھا کرلیجاتے ہیں جبکہ میڈیکل ویسٹ کو آگ لگانے سے انتہائی خطرناک کیمیکل ہوا میں شامل ہوکر اطراف میں رہنے والے افراد کو موذی بیماریوں میں مبتلا کررہے ہیں۔ پی ایچ ایف ایم سی کے افسر خود بھی اس غفلت میں مکمل طور پر شامل ہیں جن کی جانب سے ویسٹ مینجمنٹ کا کوئی بھی مناسب انتظام نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جن کا کہنا ہے کہ بی ایچ یوز کے اطراف میں مجموعی طور پر لاکھوں افراد کی آبادی موجودہ ہے ۔ استعمال شدہ میڈیکل سامان کی ایس او پیز کے مطابق تلفی نہ ہونے سے نہ صرف قرب و جوار میں رہنے والے بلکہ بی ایچ یوز میں آنے والے مریض بھی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت پنجاب سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر جنید سے اس حوالے سے مؤقف کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔ سی ای اوڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسفند یار کا کہنا ہے کہ نہ صرف فیصل آباد میں بلکہ پنجاب بھر میں بنیادی مراکز صحت پر میڈیکل ویسٹ کی تلفی کے لیے یہ طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اسے معمولی قرار دیدتے ہوئے کہا کہ بی ایچ یوز پر بننے والی میڈیکل ویسٹ عام ہسپتالوں کے مقابلے میں ہائی انفیکشن لیول کی نہیں ہوتی لہذا اسے زمین میں دبا دینا ہی کافی ہوتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں