واسا نکاسی آب کا نظام بہتر کرنے میں بری طرح ناکام

واسا نکاسی آب کا نظام بہتر کرنے میں بری طرح ناکام

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی توجہ کے باوجود واسا نکاسی آب کا نظام بہتر کرنے میں بری طرح ناکام ۔

، گزشتہ روز ہونے والی بارش سے سڑکیں دوسرے روز بھی پانی میں ڈوبی رہیں جو مزید کئی روز تک ایسے ہی رہنے کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق واساحکام کام کرنے کی بجائے صرف فرضی دعوے کرنے میں مصروف ہیں، گزشتہ روز بارش کے بعد جھمرہ روڈ شوگر پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پانی میں ڈوب گیا جس سے ٹرین شیڈول بری طرح متاثر ہوا ،کچھ گھنٹے انتظار کے بعد ٹرینوں کو ڈوبے ہوئے ٹریک سے گزارنا شروع کردیا گیا جس سے افسوسناک حادثہ بھی رونما ہوسکتا تھا ،دوسری جانب گلی محلوں میں بھی نکاسی آب کی صورتحال انتہائی ناقص رہی ، واسا افسران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی تحریک کے بغیر اپنا بنیادی کام بھی نہیں کرتے ، نکاسی آب کی انتہائی ناقص صورتحال کی وجہ سے بارشوں کے بعد سڑکوں اور ریلوے ٹریک کا زیر آب آنا اور کئی کئی روز تک ایسے ہی رہنا معمول بن چکا ہے ۔واسا کی جانب سے دعوے سامنے آتے ہیں کہ واسا بہترین انتظامات کررہا ہے گزشتہ روز بارش کے بعد ایم ڈی واسا کے مطابق دوسرے سپیل میں سب سے زیادہ ڈوگر بستی میں 59 ملی میٹر بارش ، مدینہ ٹاؤن میں 58 ملی میٹر، علامہ اقبال کالونی میں 40 ملی میٹر ،گلستان کالونی اور غلام محمد آباد میں 30-30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آپریشنز افسران اور سٹاف کو پانی نکاسی کے مختصر ترین وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی اور واضح کیا گیاکہ تیز رفتارنکاسی کے لئے ڈی واٹرنگ سیٹس، سکرز اور جیٹرز مشینیں بھی استعمال کی جائیں۔ ایم ڈی واسا کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے فیلڈ سٹاف نے شام تک تمام مین روڈز، مرکزی چوراہوں، نشاط آباد اور عبداللہ پور پل کے نیچے سے نکاسی آب کا مرحلہ مکمل کیا جبکہ حقیقت ان دعوؤں کے برعکس رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں