ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تھانہ سٹی کمالیہ میں کھلی کچہری
کمالیہ، جکھڑ (نمائندہ دنیا،سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی ہدایت پر۔۔۔
عوام الناس کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کیلئے تھانہ سٹی کمالیہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہری میں مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی پی اوٹوبہ کی کھلی کچہری کے دوران سائلین مختلف شکا یات اور مسائل لیکر پیش ہو ئے جس پر ڈی پی او ٹوبہ نے ان کے مسائل سن کر موقع پرہی ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر دیئے ۔اس موقع پر ڈ ی پی او ٹوبہ عبادت نثار نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد کمالیہ شہر اور اس سے ملحقہ علاقہ جات کے لوگوں کے مسائل خود آ کر سننا تھا تاکہ عوام اپنی شکایات خود پیش ہو کر بیان کرسکیں اور عوام کو موقع پر انصاف فراہم کرکے ان کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقے کے معززین اپنے اپنے دیہات میں پولیس کے ساتھ مل کر ٹھیکری پہرہ کا معقول بندو بست کریں تا کہ دیہی علاقوں میں بھی جرائم پر قابو پایا جا سکے ، شہروں میں سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لئے گشت کو مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔