ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا برا حال،سیکرٹری سمیت صرف4فیلڈ افسر،قوانین پر عملدر آمد خواب

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا برا حال،سیکرٹری سمیت صرف4فیلڈ افسر،قوانین پر عملدر آمد خواب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا برا حال، سیکرٹری سمیت کُل4فیلڈ افسروں کے پاس پورے ریجن کی ذمہ داری، افرادی قوت کی قلت کے باعث قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر رہ گیا۔

فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور جھنگ کو چلانے والی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں فیلڈ افسروں کی کمی کا مسئلہ سنگین ہو گیا۔ بڑھتی آبادی اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کے باعث افسر کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر معلوم ہوتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اتھارٹی کے پاس سیکرٹری کے علاوہ فیلڈ میں کام کرنے کیلئے صرف2وہیکل انسپکشن آفیسر اور ایک موبائل آفیسر موجود ہے جبکہ دیگرعملے کی بھی کمی ہے ۔ جس کے باعث فٹنس، روٹ پرمٹ اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں سڑکوں پر دھندناتی نظر آتی ہیں۔ شہریوں کے مطابق مختلف سرکاری اور نجی ٹرانسپورٹ اڈوں پر انتہائی خستہ حال گاڑیاں چلائی جارہی ہیں جس کے باعث آئے روز حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے ۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسروں کی قلت کے باعث قانون کی دھجیاں اڑانے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکنہ حد تک کام چلایا جا رہا ہے ۔ فیلڈ افسروں کی کمی کا مسئلہ پورے صوبے کا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سڑکوں پر کارروائیوں کے لیے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے فیلڈ افسر جونیئر عملہ اور کبھی محکمہ سول ڈیفنس کے ملازمین کو ساتھ ملا کر کام چلاتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں