سکولوں کے تدریسی امور کی نگرانی یقینی بنائی جائے :علی اکبر
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سکولوں کی مانیٹرنگ اور تعلیمی امور کی بہتری کیلئے منظم حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔۔۔
اس ضمن میں ایجوکیشن افسران سکولوں کا دورہ کرکے تدریسی و دیگر امور کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور اس حوالہ سے سکولوں میں سہولیات کے حوالہ سے جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران، گورنمنٹ سکولوں کے اساتذہ، طلبائاورمتعلقہ سکول کونسل کے ممبران سے اجلاس کے دوران خطاب میں کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے سکولوں میں بہتری اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی اوردیگر ضروری امور بارے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اساتذہ کو تدریسی امور میں بہترحکمت عملی سمیت سکول میں اعلیٰ نظم و نسق برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں، بچوں کو تعلیمی زیور سے آراستہ کرکے معاشرے کا مفید شہری بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے تمام میسر وسائل بروے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ معیاری تعلیم کا فروغ تسلسل سے جاری رہے ۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے طلباء سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے بنائے گئے ماڈلز کی تعریف کی۔