میونسپل کارپوریشن میں غبن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا انکشاف
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )میونسپل کارپوریشن میں غبن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا انکشاف ،تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضبط شدہ سامان کا ریکارڈ غائب۔۔۔
ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن و قائم مقام ایم او آر کی کارروائی میں ضبط شدہ سامان غبن ہونے کا اعتراف کرلیا گیا۔ ایک سٹور کو سیل کرکے دو سٹورز کو نظر انداز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن ریگولیشن برانچ میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا معاملہ تسلیم کرلیا گیا ،ریگولیشن برانچ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں سامان ضبط کرکے میونسپل کارپوریشن کے تین مختلف سٹورز میں رکھتی ہے اور ضبط شدہ سامان کا ریکارڈ مرتب کرنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ یہ سامان متعلقہ افراد کو واپس کرنا ہوتا ہے لیکن متعلقہ ملازمین یہ سامان فروخت کردیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سٹورز میں سامان کا ریکارڈ بھی نہیں بنایا جاتا ، معاملے کے اعترافی ایکشن کے طور ڈپٹی چیف آفیسر و قائم مقام میونسپل آفیسر ریگولیشن عظمت فردوس نے کارخانہ بازار سے ملحقہ سٹور کو سیل کیا جس کے نوٹس پر غبن اور مس مینجمنٹ تحریر کیا گیا لیکن دیگر دو سٹورز کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ضبط شدہ سامان کا ریکارڈ نہ ہونے اور غبن کرنا ڈکیتی کے مترادف ہے ، سال 2021 میں بھی اسی نوعیت کی شکایت سامنے آنے پر 26 جون 2021 کو ایک انکوائری شروع کی گئی تھی جس کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا تھا۔ ریگولیشن برانچ کی گاڑیوں کے بے دریغ استعمال اور فیول کی خورد برد کے بھی سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ معاملے پر موقف کیلئے ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ موقف دینے سے گریزاں رہیں جبکہ چیف آفیسر ایم سی علی عباس کا کہنا تھا معاملے پر میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔