رواں سال شہر میں 40 ہزار وارداتیں ، پولیس ناکام

رواں سال شہر میں 40 ہزار وارداتیں ، پولیس ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )سال 2024 ئ بھی بڑھتی جرائم کی وارداتوں کی وجہ سے شہریوں کیلئے بھاری ثابت ،ڈکیتی چوری راہزنی اور لوٹ مار کی 40 ہزار سے زائد وارداتیں رونما ہوئیں۔

 ڈکیتی وارداتوں میں مزاحمت کرنے پر 30 افراد کو فائرنگ کر کے قتل اور 165 سے زائد افراد کو زخمی کر دیا گیا جبکہ وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کے اقدامات بے سود ثابت ہوئے ۔ذرائع کے مطابق سال 2024 میں بھی فیصل آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنے میں بری طرح سے ناکامی کا شکار بنی دکھائی دی، رواں سال ڈکیتی، چوری اور راہزنی سمیت لوٹ مار کی 40 ہزار سے زائد وارداتیں ہوئیں، جن میں شہریوں کو اربوں روپے مالیت کے موٹرسائیکلوں، گاڑیوں، کاروں، زیورات، نقدی، موبائلز اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔ سال بھر میں موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کرنے کے 16 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 120 سے زائد افراد کو کاروں سے محروم کر دیا گیا ،سابقہ دشمنی، لڑائی جھگڑوں اور مختلف واقعات میں 380 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ 780 سے زائد افراد کو زخمی کیا گیا، تیزاب گردی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ، 650 سے زائد افراد کو اغواء کر لیا گیا، 240 سے زائد کمسن بچوں اور بچیوں کو اغواء کے واقعات ہوئے ۔ جواں سالہ لڑکیوں اور شادی شدہ خواتین کو اغوا اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے 1550 سے زائد واقعات ہوئے ۔ سال بھر میں بڑھتی وارداتوں کی وجہ سے شہری گھروں سے باہر نکلنے سے خوفزدہ دکھائی دیئے ۔ تاہم دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کہتے ہیں کہ جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں