نیو ائیر نائٹ:سرعام ہوائی فائرنگ،ہلڑ بازی:پولیس منچلوں کو روکنے میں ناکام

نیو ائیر نائٹ:سرعام ہوائی فائرنگ،ہلڑ بازی:پولیس منچلوں کو روکنے میں ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )نیو ائیر نائٹ پر آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور۔

 قانون کی بالادستی کیلئے پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کارگر ثابت نہ ہوسکے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں منچلوں کی جانب سے نئے سال کی آمد کی خوشی میں سرعام ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ہلڑبازی کرتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں، پولیس روک تھام اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے میں مبینہ طور پر ناکام رہی۔ذرائع کے مطابق نیو ایئر نائٹ کے موقع پر منچلوں کی جانب سے کی جانے والی ہوائی، فائرنگ، ہلڑبازی، آتش بازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے تھانہ جات کے علاقوں میں جامع حکمت عملی تیار کی گئی تھی۔ جس کے تحت پولیس حکام کی جانب سے کوہ نور چوک، ضلع کونسل چوک، جناح کالونی گیٹ، گھنٹہ گھر چوک، الائیڈ موڑ، ملت چوک، گیٹاں والا چوک، کینال روڈ، ستیانہ روڈ اور جڑانوالہ روڈ سمیت شہر کے دیگر مقامات پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔ تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھا جا سکے ۔ لیکن پولیس کی جانب سے کئے جانے والے سخت ترین اقدامات کے باوجود بھی نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر منچلوں کی جانب سے نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر منچلوں کی بڑی تعداد نئے سال کی خوشیاں منانے کی آڑ میں جمع ہوئی اور ہلڑ بازی، آتش بازی، اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں سرزد کرتے ہوئے نہ صرف قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، بلکہ دیگر شہریوں کے لئے بھی وبال جان بنے رہے ۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر فیملیز، خواتین اور عام شہریوں کا منچلوں کی جانب سے کی جانے والی ہلڑ بازی کے باعث گھروں سے باہر نکلنا بھی ناممکن رہا جبکہ ایسی صورتحال میں خواتین اور بچے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے نیو ایئر نائٹ کی خوشیاں منانے سے محروم رہ گئے ۔ جڑانوالہ روڈ پر واقعہ کوہ نور چوک میں منچلوں کی بڑی تعداد رات کے وقت جمع ہو گئی اور ہلڑ بازی کرتے ہوئے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا گیا۔پولیس اور منچلوں کے درمیان کئی گھنٹے تک آنکھ مچولی کی کا سلسلہ جاری رہا۔جبکہ سمندری روڈ، کینال روڈ، ایکسپریس وے ، ستیانہ روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل سوار منچلوں کی جانب سے ون ویلنگ کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی میں مسائل پیدا کئے رکھے گئے ، جس سے ٹریفک حادثات کے خدشات بھی لاحق رہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کی جانب سے ہاٹ سپاٹ ایریاز کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ڈیوٹی کے بہتر اقدامات اٹھائے جاتے تو حالات کو قابو میں رکھا جا سکتا تھا۔ خواتین اور بچے بھی اپنی فیملیز کے ہمراہ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے نیو ایئر نائٹ کی خوشیاں منا سکتے تھے ۔ لیکن ہلڑ بازی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے فیملیز ، خواتین اور بچے گھروں میں محصور رہے تاہم سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں