7 سال قبل شروع سیف سٹی منصوبہ تاحال نا مکمل
فیصل آباد(عبدالباسط سے )سال 2024 ئبھی ختم ہوگیا لیکن 7 سال قبل شروع کیا گیا فیصل آباد کا سیف سٹی منصوبہ تاحال مکمل نہ ہو سکا، سیف سٹی تنصیبات سے آئے روز تاریں، کیمرے اور دیگر قیمتی سامان چوری ہونے کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں بڑھتے جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے ، جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ، شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی اور شہر بھر میں ہونے والی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور نظام ٹریفک میں بہتری کیلئے حکومت پنجاب نے سال 2017 ئمیں سیف سٹی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اورتیزی سے تعمیراتی کام شروع کرکے بلڈنگ کا چار منزلہ ڈھانچہ تعمیر کر لیا اورپھر فنڈز کی قلت اور کمی کے باعث تعمیراتی کام روک دیا گیا، چار سال تک کام مکمل بند رہا اور نگران حکومت کے دور میں سانحہ نو مئی کے بعد دوبارہ سے منصوبے پر کام شروع کرتے ہوئے اسے مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے اورچار ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی۔ اسوقت کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کی تکمیل کیلئے 90 دن کا ٹائم مقرر کیا تو پھر تیزی سے کام شروع ہوگیا، سیف سٹی بلڈنگ مکمل کرتے ہی اس میں ایل سی ڈیز، کمپیوٹرز اور دیگر تنصیبات مکمل کر لی گئیں ۔اس منصوبے کے تحت ضلع بھر کے 250 سے زائد مقامات پر 8 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جانے تھے اور ان کیمروں میں 300 سے زائد ڈوم کیمرے شامل تھے لیکن یہ معاملہ ادھوراچھوڑدیا گیا،دوسری طرف سیف سٹی اتھارٹی کی تنصیبات سے کیمرے ، تاریں اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کے آئے روز واقعات ہو رہے جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہو چکا ۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کہتے ہیں کہ منصوبے کا کام جلد مکمل کرواتے ہوئے شہریوں کو ثمرات سے مستفید کیا جائے گا۔