جنوری 2025 کے دوران 7500 سے زائد وارداتیں،پولیس شہریوں کے تحفظ میں ناکام

جنوری 2025 کے دوران 7500 سے زائد وارداتیں،پولیس شہریوں کے تحفظ میں ناکام

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار سمیت دیگر سنگین جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی میں پولیس مبینہ طور پر ناکامی کا شکار بن گئے ۔

 سال کے پہلے ہی ایک مہینے کے دوران 7500 سے زائد وارداتوں میں شہریوں کو نقدی، موبائلز، زیورات، موٹرسائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔ جبکہ مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت پر 5 افراد کو فائرنگ کر کے قتل اور 12 سے زائد افراد کو زخمی کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ۔ لیکن اس باوجود پولیس حکام اقدامات اٹھانے میں مبینہ طور پر غیرسنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہے ۔پولیس کی جانب سے اقدامات ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔یکم جنوری سے لے کر اب تک مبینہ طور پر5افراد کو مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل اور 12 سے زائد افراد کو زخمی کرنے کے واقعات ہوچکے ہیں۔ وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے اور ان کے چہرے واضح ہونے کے باوجود بھی پولیس ان جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ میں مبینہ طور پر ناکامی کا شکار بنی دکھائی دیتی ہے ۔ ضلعی پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے فیصل آباد پولیس مصروف عمل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں