چناب نگر :غیر قانونی سموں کی فروخت دھڑلے سے جاری
چناب نگر(نامہ نگار )شہر اور گردونواح میں غیر قانونی مفت سموں کی فروخت کا کام سرعام دھڑلے سے جاری ، سادہ لوح افراد کو نت نئے مفت پیکجز کا لالچ دے کر غیر قانونی سمیں شہر کے مختلف چوک اور چوراہوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چناب نگر اور گردونواح میں شریف شہریوں کے نام پر سمیں جاری کرکے جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرنے کا مکروہ دھندہ جاری ہے ،جب کوئی شہری ان سے ڈپلیکیٹ یا نئی سم خریدتا ہے تو یہ کمال ہوشیاری سے انگوٹھا لگوا کر اس شہری کے نا م پر ایکٹیو کروا لیتے ہیں جو بعد ازاں جرائم پیشہ افراد کو بھاری رقم لے کر فروخت کر دی جاتی ہیں اور اس طرح اس شریف شہری کے نام پر سم ایکٹو ہو کر جرائم پیشہ کارروائیوں میں استعمال ہوتی ہے بعد میں وہ شریف شہری قانون کی گرفت میں آجاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف پرائیویٹ کمپنیز نے مکروہ دھندہ کرنے کے لیے مختلف پرائیویٹ ایجنٹوں سے ڈیل کر رکھی ہے ، پی ٹی اے سمیت متعلقہ ادارے اس غیر قانونی دھندے کا فوری نوٹس لیں تاکہ شریف شہری ان کے جال میں نہ پھنس سکیں ، جرائم پیشہ افراد کی معاونت کرنے والو ں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔