بچیانہ :گلی محلوں اور بازاروں میں کوڑے کے ڈھیر ،مکین پریشان

بچیانہ(نمائندہ دنیا )بچیانہ میں ستھرا پنجاب پروگرام بری طرح فلاپ، گلی محلوں اورتجارتی مراکز میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ،سیوریج کا پانی بچیانہ کی پہچان بن گیا،مکین پریشانی کا شکار ہو کر رہ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پنجاب کے شہروں اور گلی محلوں کو صاف ستھرا کرکے مثالی صوبہ بنانے کا منصوبہ بچیانہ شہر میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہا ہے ، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی طرف سے بچیانہ میں انتہائی کم افراد پر مشتمل ٹیم تعینات کی گئی ہے جو شہری و دیہی آبادی میں صفائی کے عمل کو مکمل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ بچیانہ کے تجارتی مراکز و گلیاں بازار سیوریج کے گندے پانی سے بھرے نظر آرہے ہیں جبکہ بازاروں میں پڑے کوڑے کے ڈھیر تعفن کا باعث بن رہے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے اعلٰی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مریم نواز کے صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے خواب جو عملی جامہ پہنانے کیلئے مناسب حکمت عملی تیار کر کے بچیانہ کی شہری آبادی و تجارتی مراکز میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔