فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صفائی ورکر بنیادی سہولیات سے محروم ، فنڈز ہڑپ

فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صفائی ورکر بنیادی سہولیات سے محروم ، فنڈز ہڑپ

فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں درجنوں صفائی ملازمین کو سوشل سکیورٹی اور اولڈ ایج بینیفٹ جیسی بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔

 ہسپتال کے انتظامی افسر نجی کمپنی سے مبینہ ملی بھگت کے ذریعے صفائی ورکرز کا استحصال کررہے ہیں حکومت سے فنڈز لینے کے باوجود نہ ملازمین کی سوشل سکیورٹی میں رجسٹریشن کروائی گئی، نہ ہی ای او بی آئی میں فنڈز جمع کروائے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایف آئی سی میں صفائی کیلئے 83 ملازمین ہیں جن کیلئے حکومت کی جانب سے نجی کمپنی کو فی ملازم ماہانہ 2360 روپے سوشل سکیورٹی اور 1690 روپے ای او بی آئی کی مد میں دیئے جا رہے ہیں۔ یوں ہر ورکر کے لیے ماہانہ مجموعی رقم 4050 روپے بنتی ہے ، اور 83 ملازمین کے حساب سے یہ رقم ماہانہ 336,150 روپے تک جا پہنچتی ہے ۔رقم باقاعدگی سے جاری ہو رہی ہے تاہم ہسپتال انتظامیہ اور نجی کمپنی نے ملی بھگت سے مبینہ طور پر نہ صرف ورکرز کو ان بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے اوررقم کا بڑا حصہ ہڑپ کرلیا جاتا ہے ۔ اس بے ضابطگی پر جب ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایم ایس) ایڈمن ڈاکٹر عابد سے موقف لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے صاف انکار کر دیا، ملازمین کا کہنا ہے انہیں روزگار کا جھانسہ دے کر فوائد سے محروم رکھا گیا ہے ۔ متعلقہ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے سول سوسائٹی اور مزدور حقوق کے علمبرداروں نے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں