ون ویلنگ ، خطرناک کرتب ، ٹریفک پولیس ناکام

ون ویلنگ ، خطرناک کرتب ، ٹریفک پولیس ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )عید قربان کے موقع پر ون ویلنگ، ریسنگ، تیز رفتاری کی روک تھام اور نظام ٹریفک کو منظم اور محفوظ بنانے کیلئے ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے کئے گئے اقدامات بھی کسی کام نہ آسکے ۔

شہر بھر کی مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر منچلوں کی جانب سے تیز رفتاری، اوور سپیڈنگ، خطرناک کرتب دکھانے اور ون ویلنگ سمیت دیگر انداز میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک پولیس حکام کی مبینہ ناقص کارکردگی سے مبینہ طور پر خوب پردہ اٹھایا گیا۔جبکہ شہر بھر کی مختلف شاہراہوں پر منچلوں کی جانب سے مبینہ طور پر ہلڑ بازی کرتے ہوئے شہریوں کیلئے مسائل پیدا کئے جاتے رہے ۔ ایسے میں عام شہریوں اور خصوصی طور پر خواتین اور فیملیز کے لئے گھروں سے باہر نکلنا محال ہوا رہا۔ اس کے باوجود ٹریفک پولیس حکام، افسر اور ملازمین کی جانب سے ہلڑ بازی کرنے والے عناصر کیخلاف کارروائیاں عمل میں لانے اور ٹریفک کے نظام کو منظم بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے عید قربان کے موقع پر خصوصی طور پر ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا تھابڑی تعداد میں افسر اور اہلکاروں کو تعینات کرنے کے باوجود بھی مختلف شاہراہیں، چوک چوراہے اور دیگر اہم مقامات منچلوں کے قبضے میں رہے اور مین شاہراہوں پر ون ویلنگ، ریسنگ اور مختلف انداز میں خطرناک کرتب دکھانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، ایکسپریس وے ، کینال روڈ، سرگودھا روڈ، نڑ والا روڈ اور دیگر مین شاہراہوں پر منچلوں کی جانب سے گروپوں کی صورت میں دن بھر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر ٹریفک کیلئے مسائل پیدا کئے جاتے رہے ۔ اس کے باوجود ٹریفک پولیس حکام اور افسر و ملازمین مبینہ طور پر منچلوں کیخلاف کارروائیاں عمل میں لانے اور ٹریفک کو منظم اور محفوظ بنانے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدہ دکھائی دیئے ۔شہریوں کا کہنا ہے ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے عید قربان کے موقع پر نظام ٹریفک کو منظم اور محفوظ بنانے کے حوالے سے دعوے تو کئے گئے تھے ، لیکن انہیں عملی جامہ پہنانے کے لئے مبینہ طور پر کوئی موثر اقدامات نہ کئے گئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں