فیصل آباد میں چینی بحران بے قابو، فی کلو164کی بجائے 200 روپے تک فروخت
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )وفاقی حکومت کی ہدایت کے باوجود فیصل آباد میں چینی بحران پر قابو نہ پایا جاسکا ، مارکیٹ میں چینی 200روپے فی کلو تک فروخت ہو نے لگی جبکہ سرکاری قیمت 164روپے فی کلو مقرر ہے۔
تفصیلات کے مطابق موجودہ دنوں میں چینی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے ،ایک جانب تو ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول سے متعلق بڑے دعوے کرتی ہے تو وہیں دوسری جانب مارکیٹ کی صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے پاس گرانفروشی روکنے کیلئے چالان، جرمانہ اور استغاثہ یعنی مقدمہ درج کروانے کے بھی اختیارات ہیں جبکہ سپیشل برانچ بھی گرانفروشی سے متعلق رپورٹس بنا کر نشاندہی کرتی ہے ، شہری قیمت ایپ کے ذریعے اور سوشل میڈیا کے ذریعے سے بھی اپنی شکایات کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود چینی کی قیمتوں پر قابو نہ پانا بڑا سوالیہ نشان ہے ۔اب سرکاری طور پر چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن دکانوں پر چینی موٹی یا باریک کے حساب سے 185روپے سے 200روپے تک فی کلو فروخت ہورہی ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی کا 50 کلو کا تھیلہ 9ہزارسے 9ہزار 100 روپے میں ملتا ہے ، 9 ہزار والے تھیلے کی چینی180 روپے کلو اور 9100 والے تھیلے کی قیمت 182 روپے کلو نکلتی ہے، بوری سے تقریبا 1 کلو چینی کم بھی ہوتی ہے تو اس صورت میں 164روپے میں فروخت کرنا ناممکن ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی سے متعلق خصوصی احکامات دئیے ہیں کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں موجود شوگر ملز کے گودام اور سٹاک چیک کریں، گوداموں پر چھاپے ماریں ،ہول سیلرز سے میٹنگ کریں اور چینی کی سرکاری قیمت پر فروخت یقینی بنائیں مگر فیصل آباد میں خاطر خواہ اقدامات نہیں ہوسکے جس کا خمیازہ عوام کو 200 روپے فی کلو چینی خرید کر بھگتنا پڑرہا ۔