وزیر اعظم کے مشیر شبیر عثمانی سے مولانا الیاس چنیوٹی کی ملاقات
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاستی و سرحدی امور شبیر احمد عثمانی سے۔۔۔
مرکزی امیر عالمی مجلس تحفظ ختمِ نبوت و رکن پنجاب اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے انکے دفتر وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے ، اس موقع پر عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اور بین المذاہب امن و رواداری کے فروغ کیلئے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شبیر احمد عثمانی نے مولانا الیاس چنیوٹی کی علمی و دینی خدمات، بالخصوص عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کیلئے ان کے پارلیمانی اور عوامی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے کہا کہ مولانا الیاس چنیوٹی جیسے اصحاب علم و عمل قوم کا سرمایہ ہیں، جنہوں نے ہر فورم پر دینِ اسلام کی بنیادی اقدار کا دفاع کیا، ان کی پارلیمانی خدمات، اعتدال پسند مؤقف اور اتحادِ امت کیلئے مسلسل جدوجہد ہماری نوجوان نسل کیلئے مشعلِ راہ ہے ۔ مولانا الیاس چنیوٹی نے بھی مشیرِ وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان کو مکمل دینی و اخلاقی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اس کی بقا و استحکام عقیدہ ختمِ نبوت کے غیر متزلزل تحفظ سے وابستہ ہے ،ملاقات میں ملک میں امن، وحدتِ امت اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے علما اور ریاست کے باہمی کردار کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔