غیر قانونی گیس سلنڈرز کی ریفلنگ جاری،شہریوں کی زندگیوں کو خطرات،انتظامیہ خاموش

غیر قانونی گیس سلنڈرز کی ریفلنگ جاری،شہریوں کی زندگیوں کو خطرات،انتظامیہ خاموش

ریفلنگ کرنیوالی دکانیں انتظامیہ کیلئے کھلا چیلنج ،ابتک حادثات میں متعدد شہری جاں بحق، کئی زخمی بھی ہو چکے :ذرائع،نوٹس کا مطالبہ

 فیصل آباد(سٹی رپورٹر)شہر کے مختلف رہائشی علاقوں، چوک چوراہوں، مین شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم غیر قانونی گیس سلنڈرز کی ریفلنگ کرنے والی دکانیں انتظامیہ کے لئے بڑا چیلنج بن گئیں، آئے روز گیس سلنڈرز کی ریفلنگ کے دوران آگ لگنے ، سلنڈرز پھٹنے اور دیگر جان لیوا حادثات رونما ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ ادارے کارروائیاں کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں ،شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق، شکایات کے باوجود بھی حکام کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ریفلنگ کے دھندے میں ملوث عناصر نے ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مبینہ طور پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر رکھا ہے ۔

ذرائع کے مطابق سمن آباد، کالج روڈ، ڈی ٹائپ کالونی روڈ، وارث پورہ، بٹالہ کالونی، ستیانہ روڈ، پیپلز کالونی، سوساں روڈ، کالج روڈ مدینہ ٹاؤن، غلام محمد آباد، نڑ والا روڈ، رضا آباد، فیکٹری ایریا، ڈجکوٹ روڈ، کوریاں روڈ، گلبرگ ایریا اور منصور آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ریفلنگ کرنے والی دکانیں انتظامیہ کے لئے کھلا چیلنج بنی ہوئی ہیں،مختلف علاقوں میں قائم گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ریفلنگ کرنے والی یہ دکانیں علاقہ مکینوں، راہگیروں اور دیگر شہریوں کیلئے ہر وقت خوف کی علامت بنی رہتی ہیں، آئے روز ان دکانوں پر گیس ریفلنگ کے دوران آگ لگنے ، سلنڈر پھٹنے سمیت دیگر مختلف جان لیوا حادثات بھی رونما ہو چکے جس میں متعدد شہری زخمی اور کئی موت کی آغوش میں جا چکے لیکن اس کے باوجود حکام غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور ملازمین ریفلنگ کرنیوالے عناصر سے نذرانے وصول کرکے اپنی جیبیں گرم کر لتیے ہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے مبینہ طور پر انہیں کھلی چھٹی دے دی جاتی ہے ۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں