فیصل آباد کی 15 مرکزی شاہرات کی از سر نو تعمیر ، تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ پلازہ کی تیاری پر کام جاری : کمشنر
صحت مند تفریح کے فروغ کیلئے فوڈ سٹریٹ کے قیام کی تجویز زیر غور ، صحافی کالونی کیلئے ایم ڈی پی جے ایچ ایف کو دعوت دینگے :راجہ جہانگیر انور
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ شہر کی 15 مرکزی شاہرات کو ایک ارب روپے کے فنڈز سے کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعمیر و مرمت کیا جا رہا ہے ۔ سٹریٹ لائٹس کی بحالی، لین مارکنگ اور پیچ ورکنگ پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ۔ گھنٹہ گھر کے 8 بازاروں سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ اور الیکٹرک سسٹم کو انڈر گراؤنڈ کرنے کا عمل جاری ہے ، جبکہ بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کی تعمیر جلد شروع کی جائیگی۔
انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ شہریوں کو صحت مند تفریح اور سماجی میل جول کے فروغ کیلئے فوڈ سٹریٹ کے قیام کی تجویز زیر غور ہے ۔ صحافی کالونی کے قیام کیلئے آئندہ ہفتے ایم ڈی پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو دعوت دی جائیگی۔فیصل آباد میں ایئر کوالٹی مانیٹر نصب کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ فضائی آلودگی کی مؤثر جانچ ممکن ہو سکے ۔ سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس فعال ہو چکے ہیں، جبکہ صاف ستھرا پروگرام کے تحت گلی محلوں کی صفائی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ صحافی عوامی مسائل اجاگر کریں، انکے حل کیلئے انتظامیہ ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔