غیر مہذب وال چاکنگ کے خاتمے کیلئے کچھ نہ ہو سکا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن کی غفلت سے شہر کی خوبصورتی بری طرح متاثر ہوچکی ہے ۔ جدید الیکٹرک بسیں چلانے اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کیے جانے کے باوجود غیر مہذب وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے کوئی مؤثر کارروائی یا حکمتِ عملی سامنے نہیں آئی۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد کی سہولیات اور شہر کی خوبصورتی میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، اسی سلسلے میں کروڑوں روپے کے فنڈز بھی منظور کیے جا رہے ہیں۔ فیصل آباد کے لیے فراہم کی گئی الیکٹرک بسیں بھی انہی اقدامات کا حصہ ہیں، جن سے شہریوں کو جدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا۔تاہم وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کے باوجود مقامی ادارے ان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی سنگین غفلت کے باعث صنعتی شہر کی مرکزی شاہراہوں اور دیواروں پر غیر مہذب وال چاکنگ کا راج ہے ۔
ان دیواروں پر عاملوں، جعلی حکیموں، جادوگروں اور توہم پرستی کے دعویداروں کی تشہیر کی گئی ہے ، جو نہ صرف شہر کے حسن کو بگاڑ رہی ہے بلکہ فیصل آباد میں آنے والے غیر ملکیوں اور سرمایہ کاروں پر بھی منفی تاثر چھوڑتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق میونسپل کارپوریشن شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور غیر مہذب وال چاکنگ کے خاتمے کو یقینی بنائے ۔