تعلیم یافتہ نوجوان ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے :آصف چودھری
نوجوانوں میں مطالعے کی عادت پیدا کر کے ذہنی پختگی کے مواقع فراہم کیے جائیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت جدید علوم سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مطالعے کی عادت پیدا کر کے اور علم و ہنر کے ذریعے ذہنی پختگی کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔وہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن میں ڈویلپنگ ینگ لیڈرز پروگرام کے سلسلے میں خواندگی اور علمی فروغ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔سیمینار کی صدارت وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کی، جبکہ یہ تقریب لرننگ ریسورس سنٹر اور سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔اس موقع پر مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے ذریعے طالبات میں مطالعے کا رجحان، تنقیدی سوچ اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔