زرعی یونیورسٹی میں میلہ، جدید ٹیکنالوجی،دیہی ثقافت کی نمائش
یونیورسٹی کو ہماری ثقافت اور دیہی و زرعی ترقی کا امین تصور کیا جاتا ہے :ڈاکٹر ذوالفقار
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جمعرات کے روز ایک روزہ زرعی میلہ منعقد کیا گیا، جس میں جدید زرعی آلات، لائیو سٹاک ٹیکنالوجیز، سمارٹ فارمنگ کے ساز و سامان کی نمائش اور دیہی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ایگری ٹورازم کلب سینئر ٹیچر آفس کے زیر اہتمام میلے کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کو ہماری ثقافت اور دیہی و زرعی ترقی کا امین تصور کیا جاتا ہے ۔ جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے جامعہ ہر سال کسان میلے کا انعقاد کرتی ہے تاکہ جدید رحجانات کو فروغ دے کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی تربیت یافتہ افرادی قوت، تحقیقی سرگرمیوں، آؤٹ ریچ اور اکیڈمیا و انڈسٹری کے روابط کو بروئے کار لاتے ہوئے زراعت و کسانوں کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔میلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹی کمیشن کرنل (ر) شہزاد عامر، چیف ٹیکنالوجی آفیسر ناصر جاوید، ڈین ایگریکلچر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈین اینیمل ہسبینڈری ڈاکٹر قمر بلال، ڈین سائنسز ڈاکٹر عامر جمیل، ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر وقاص وکیل، ڈین ویٹرنری سائنسز ڈاکٹر شاہد محمود، ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر عمران پاشا، ڈین آرٹ اینڈ ہیومینیٹیز ڈاکٹر شازیہ رمضان سمیت ڈاکٹر ریاض ورک، ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈاکٹر عبد الناصر، ڈاکٹر آصف کامران، ڈاکٹر بابر شہباز، ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر عمیر گل اور دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔