ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی بڑی تعداد غیر رجسٹرڈ ، شہریوں سے وصول ٹیکس چوری ہونے کا انکشاف

 ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس  کی بڑی تعداد غیر رجسٹرڈ ، شہریوں سے وصول ٹیکس چوری ہونے کا انکشاف

متعدد علاقوں میں ریسٹورنٹس شہریوں سے 16فیصد تک سروس ٹیکس وصول کر رہے ،رقم پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ادا نہیں کی جا رہی،حکام نے’’مل بانٹ کر کھانے‘‘ کی روش اختیار کر رکھی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے ) شہر کے بیشتر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو رجسٹر کرنے میں ناکام ہو گئی، شہریوں سے روزانہ کی بنیاد پر بل میں وصول کیا جانے والا ٹیکس مبینہ طور پر ہڑپ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکام نے کارروائیوں کے بجائے مبینہ طور پر ‘‘مل بانٹ کر کھانے ’’ کی روش اختیار کر رکھی ہے ۔ فیصل آباد کے کمرشل علاقوں، خصوصاً ڈی گراؤنڈ، جناح کالونی، ستیانہ روڈ اور سمن آباد سمیت متعدد علاقوں میں ریسٹورنٹس شہریوں سے 16 فیصد تک سروس ٹیکس وصول کر رہے ہیں، تاہم یہ رقم پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ادا نہیں کی جا رہی۔ذرائع کا کہنا ہے متعلقہ افسروں کی ملی بھگت سے متعدد کاروبار تاحال غیر رجسٹرڈ رہنے میں کامیاب ہیں جبکہ ریونیو حکام نے اس صورتحال پر چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے۔

بعض ذرائع کے مطابق اتھارٹی کے اندر جاری رجسٹریشن مہم کو بھی مبینہ طور پر جان بوجھ کر غیر مؤثر رکھا گیا ہے تاکہ بعض بااثر ہوٹل مالکان کو فائدہ پہنچایا جا سکے ۔اس صورتحال کے باعث صوبائی خزانے کو ہر ماہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شفاف کارروائی نہ کی تو ٹیکس چوری کا یہ سلسلہ مزید پھیل جائے گا۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے ٹیکس نیٹ میں توسیع، غیر رجسٹرڈ کاروباروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن اور ریونیو سسٹم کی شفاف نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام سے وصول ٹیکس سرکاری خزانے تک پہنچ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں