جھنگ روڈ تا نیو سبز منڈی سڑک کی تعمیر بند،شہری پریشان
اڑتی دھول کے بادل ماحول کو تباہ کر رہے ،سڑک پر گزرنا بھی مشکل ہو گیا
پینسرہ (نمائندہ دنیا )جھنگ روڈ سے نیو سبز منڈی تک بر لب سیم نہر سڑک کی تعمیر کام روکنے کے باعث شہریوں کے لیے گزرنا محال ہو گیا ہے ۔ دو ماہ قبل سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تھی، جس میں پتھر اور کریشر خاکہ ڈالنے کے بعد کام روک دیا گیا۔ ٹھیکدار اور عملہ غائب ہونے سے سڑک نامکمل رہ گئی ہے اور اڑتی دھول کے بادل ماحول کو تباہ کر رہے ہیں۔شہریوں نے کہا کہ کئی ہفتوں سے پانی کا چھڑکاو نہیں کیا گیا، جس سے سڑک پر گزرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کمشنر فیصل آباد اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ٹھیکدار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور سڑک کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو اذیت سے نجات دلائی جا سکے ۔ضلعی انتظامیہ نے خشک سویپنگ پر پابندی عائد کی تھی اور کنٹریکشن سائٹ کا وزٹ کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ، تاہم نیو سڑک پر اڑتی دھول اور مٹی شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بن گئی ہے ۔