جڑانوالہ :امن کمیٹی کامسیحی قیادت کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ میں مسلم کمیونٹی کے ممبران امن کمیٹی کی جانب سے مسیحی قیادت کے اعزاز میں پروقار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں اتحاد، رواداری اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
امن کمیٹی کے ارکان مولانا سکندر حیات زکی، مولانا صاحبزادہ فضل رسول حیدر رضوی، میاں وسیم طارق اور سید تطہیر حسین شاہ نقوی نے تقریب کی میزبانی کی۔تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز و انویسٹی گیشن فیصل آباد محمد سلیم ، ایس ایس پی بختیار احمد، اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ، ڈی ایس پی سرکل ملک مصدق ، شیخ ابوبکر، میاں وقاص خالد سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔مسیحی قیادت کی جانب سے فادر یعقوب یوسف، پادری رضوان مل، میجر جونس، میجر عارف مسیحی، پادری مختار اور شکیل بھٹی نے تقریب میں شرکت کی ۔مقررین نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، ملک کے استحکام، دفاع اور امن کیلئے مسلم اور مسیحی قیادت افواجِ پاکستان اور ریاست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔