کرسمس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے :ڈی پی او چنیوٹ
مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیگا:ڈاکٹر نوید عاطف
چناب نگر (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا ہے کہ چناب نگر میں کرسمس کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کرسمس کے موقع پر امن و امان برقرار رکھا جائے گا،پولیس نے مسیحی برادری کی عبادت گاہوں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا ہے ۔ چرچز، کرسمس بازار اور پارکوں میں بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ نے مزید کہا ہے کہ عبادت گاہوں پر واک تھرو گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔
جبکہ اہم پوائنٹس پر پولیس ہائی الرٹ اور ناکہ بندی کر رہی ہے ،کرسمس کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریزرو نفری الرٹ رہے گی۔ ڈاکٹر نوید عاطف نے مزید کہا کہ تمام مذاہب ہمارے لئے قابل احترام ہیں ، مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، امن و امان برقرار رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جائے گی۔