واسا فیصل آباد کی کارکردگی تسلی بخش،سہولیات میں بہتری
2025 میں 4,170 ملین کی ریکوری، بلنگ ایفیشنسی 99 فیصد سے زائد
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے واسا فیصل آباد کی سال 2025 کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے ۔ سال 2025کے دوران واسا فیصل آباد نے 4,170 ملین روپے کی ریکوری کی جبکہ بلنگ ایفیشنسی 99.74فیصد ریکارڈ کی گئی۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ بہتر سیوریج، ڈیجیٹل اصلاحات، واٹر و ویسٹ واٹر منصوبے اور سولرائزیشن کے اقدامات سے واسا فیصل آباد ایک مضبوط ادارہ بن گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق سال 2024-25 میں فزیکل کلیکشن 70.20 اور مالی کلیکشن ایفیشنسی 80.40فیصد رہی جبکہ آپریشنل اخراجات اور آمدن کا تناسب 1.24 ریکارڈ ہوا۔ فیصل آباد ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا اور پانی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 36 روپے فی مکعب میٹر رہی۔ مالی نظم و ضبط کے تحت سالانہ بنیادوں پر کمرشل آڈٹ جاری ہے ۔واسا فیصل آباد نے اسمارٹ واٹر میٹرز کی تنصیب کے لیے جائیکا کے ساتھ گرانٹ ان ایڈ معاہدہ بھی طے کر لیا ہے ۔