غیر قانونی ذبح خانوں کیخلاف کریک ڈاؤن، ناقص گوشت ضبط
فیصل آباد میں چھاپہ، 7ہزار 200کلوگرام مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں غیر قانونی ذبح اور ناقص گوشت کی فروخت کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ آپریشن کے دوران نڑوالہ روڈ پر قائم غیر قانونی مذبح خانے کو بے نقاب کر دیا۔کارروائی کے دوران 7 ہزار 200 کلوگرام غیر معیاری اور انسانی صحت کے لیے مضر بڑا گوشت برآمد کیا گیا، جسے ویٹرنری ماہرین کے تفصیلی معائنے کے بعد ناقابلِ استعمال قرار دے دیا گیا۔ عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر ضبط شدہ تمام گوشت موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔یہ کارروائی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد امتیاز حسین کی ہدایات پر کی گئی۔